متحدہ عرب امارات کے کاروباری وفد کو دورہ پاکستان کی دعوت

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اکتوبر 2024ء ) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع ترمواقع موجود ہیں، یواے ای کے سرمایہ کاروں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپوراستفادہ کرنا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ بات متحدہ عرب امارات کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے چیئرمین احمد جاسم الزابی سے ملاقات میں کہی، احمد جاسم الزابی ابو ظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ابو ظبی ڈیپارٹمنٹ آف اکنامک ڈویلپمنٹ کے چیئرمین بھی ہیں، ملاقات میں پاکستان کے سفیر نے احمد جاسم الزابی کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کی بصیرت افروز اقدامات اور ابو ظہبی چیمبر کے اقتصادی ترقی میں کردار کو سراہا۔

بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران فریقین نے متحدہ عرب امارات کے چیمبرز اور پاکستان کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان تعاون بڑھانے اور دوطرفہ تجارت کے لیے مشترکہ کاروباری منصوبوں کے آغاز بات چیت کی، اس دوران پاکستان کے سفیرنے احمد جاسم الزابی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے طریقہ کار اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فریقین نے دو برادر ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون میں اضافے، تجارتی سہولیات کی فراہمی کاروباری تعلقات کے قیام اور جی آئی ٹیکس اورٹیکسپور جیسی تجارتی نمائشوں میں شرکت پر بھی اتفاق کیا، اس دوران فیصل ترمذی نے متحدہ عرب امارات کے چیمبرز کے کاروباری وفد کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، یو اے ای میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں، یواے ای کے سرمایہ کاروں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپوراستفادہ کرنا چاہیئے۔