قائد اعظم کا پاکستان عوام نے نہیں توڑا، آفاق احمد

قائد اعظم کا پاکستان عوام نے نہیں توڑا، آفاق احمد

ہم محصورین مشرقی پاکستان سے شرمندہ ہیں،انہیں لانا ہوگا،

چیئر مین آفاق احمد نے سانحہ مشرقی پاکستا ن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ قائد اعظم کا پاکستان عوام نے نہیں تو ڑا، عوام تو اس وقت بھی کمزور اور بے بس تھے اور آج بھی مخصوص طبقے کے دست نگر ہے،اس وقت بھی عوام کے مستقبل کے فیصلے کو ئی اور کرتا تھا آج بھی عوام کے مستقبل کے فیصلے غیر مرعی قوتیں کرتی ہیں، عوام ملک توڑسکتے ہیں نہ بچا سکتے ہیں،باقی ماندہ پاکستا ن کا مستقبل بھی انہی طاقتور لوگوں کے ہاتھوں میں ہے جوانتخابی نتائج اور عوام کی تقدیر لکھنے کو اپنا حق اور فرض سمجھتے ہیں، ہم سانحہ مشرقی پاکستان سے کچھ سیکھ نہیں سکے،آج بھی ہر مسئلہ طاقت سے حل کرنا چاہتے ہیں۔ملک بچانے کیلئے محصورین مشرقی پاکستان کی قربانیا ں حب الوطنی کی عمدہ مثال اور انہیں بے سہارا چھوڑدینا احسان فراموشی کی بدترین مثال ہے،جس نے ملک کیلئے قربانی دینے کے جذبے کو نقصان پہنچایا ہے،ہم محصورین مشرقی پاکستان کو انکے اپنے وطن نہیں لا سکے،ہم محصورین مشرقی پاکستان سے شرمندہ ہیں۔آفاق احمد نے کہاکہ لاکھوں شہریوں کا اپنی جائے پیدائش چھوڑکر دوسرے ملکوں کی شہریت لینا پاکستان کا مستقبل لکھنے والوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ قوم کے مستقبل کے فیصلے بندکمروں میں ہونے اور عدالتوں کو مطیع بنانے کی کوششوں نے انصاف،احساس تحفظ اور احساس شراکت کو بری طرح متاثر کیا ہے جو ملکی سلامتی و استحکام کیلئے کسی بھی طور نیک شگوں نہیں۔آفاق احمد نے محصورین مشرقی پاکستان کے حوالے سے اپنے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہاکہ حکومت محصورین مشرقی پاکستان کے لوگوں کو پاسپورٹ جاری کرے انہیں لانے اور بسانے کے تمام اخراجات مہاجر قوم خود برداشت کریگی۔