کراچی کوپانی سے محروم رکھنے کیلئے دانستہ لائینیں توڑی جاتی ہیں،شاہد فراز
84انچ کی پانی کی لائن ٹوٹ گئی یا توڑدی گئی غیر جانبدار تحقیقات ضروری ہے،
مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان) کے سیکریٹری جنرل شاہد فراز نے آفاق احمد کی رہائشگاہ پر زونل کمیٹی کے ذمہ داران سے ملاقات کی جس میں انہوں نے کراچی کی عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور سندھ حکومت کی بدعنوانیوں پر شدید تحفظات کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں جامعہ کراچی سے منسلک 84انچ کی پانی کی لائن اچانک سے ٹوٹ گئی یا توڑ دی گئی اسکی غیر جانبدار تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو ہونے سے روکا جاسکے۔ شاہد فراز نے کہا کہ 84انچ کی لائن ٹوٹنے کے سبب ناصرف ملحقہ علاقہ زیر آب آیا جس کے باعث تما م علاقے کے باشندوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ جامعہ کراچی کی اسٹاف کالونی میں پانی بھر جانے کے سبب اساتذہ اپنے قیمتی ساز و سامان کے نقصان کے بعد مزید سامان کو نقصان سے بچانے کے لئے عارضی طور پردوسرے مقام پرسکونت اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے جس کی تمام تر ذمہ داری واٹربورڈ کے عملے سمیت کرپٹ و نااہل حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ شاہد فراز نے مزید کہا کہ48گھنٹے گزر جانے کے باوجود لائن کی مرمت کا کام مکمل نہیں کیا جاسکا ہے جبکہ واٹربورڈ انتظامیہ نے لائن کی مرمت کیلئے مزید 48گھنٹے کا وقت مانگ لیا ہے جو انکی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔شاہد فراز نے کہا کہ پانی کی لائینو ں کا مسلسل ٹوٹنا مافیاز کو مالی فائدہ پہنچانے کیلئے حکومتی ہتھکنڈہ معلوم ہوتا ہے، جبکہ پانی کا شہرکی شاہروں پر بہنے سے انفرااسٹکچر کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے جس کے باعث سڑکیں توٹ پھوٹ کا شکار ہیں جو حادثات کا سبب بنتی ہیں۔