اپیلوں اور درخواستوں سے بات آگے نکل گئی، شاہد فراز

اپیلوں اور درخواستوں سے بات آگے نکل گئی، شاہد فراز

طاقت کا سر چشمہ عوام ہوتے ہیں جو12اپریل کو اپنا فیصلہ سنائیں گے،
12اپریل کو عوام ثابت کریگی کہ یہ زندہ لوگوں کا شہر ہے مردہ اور غلاموں کا نہیں،

مئیر و گورنر جذباتی بیانات دیکر عوام کوگمراہ کرنے کے بجائے عملی اقدام کریں،

مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان) کے سیکریٹری جنرل شاہد فراز نے آفاق احمد کی رہائشگاہ پر کراچی یونیورسٹی سے آئے اساتذہ کے ایک وفد سے ملاقات کی جس میں انہوں نے شہر میں جاری ڈمپر گردی اور اسٹریٹ کرائم میں ہونے والی قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی بے حسی اور غنڈہ گردی کا یہ عالم ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں جانی نقصانات کے باوجود ڈمپر اور واٹر ٹینکر مافیا آج بھی شہر کی سڑکوں پر ناصرف دنداتے گھوم رہے ہیں بلکہ عوام میں موت بانٹتے پھر رہے ہیں، جس نے گزشتہ روز نیا ناظم آباد کے مسجد کے خطیب وحافظ قران ابراہیم خان کو بھی نا بخشا۔انہوں نے کہا کہ ان تمام حادثات میں جتنی قصور وار سندھ حکومت اور ہیوی ٹریفک مافیا ہے اتنی ہی ٹریفک پولیس بھی ہے جو قانون کی عمل داری کو یقینی بنانے کے بجائے کم عمر اور ناتجربے کار ڈرائیورں سے پیسہ وصول کرکے انہیں موت باٹنے کا کھلا لائسنس دے دیتی ہے،گزشتہ روز شاہراہ فیصل پرہونے والا حادثہ جس میں میاں ِبیوی کا گاڑی تلے کچلنے والا ناصرف کم عمر بچہ تھا بلکہ ہمیشہ کی طرح بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے شہر کی مصروف ترین سڑک پر گاڑی دوڑا رہا تھا، جسکی ذمہ داری ٹریفک پولیس پرعائد ہوتی ہے۔شاہد فرازنے کہا کہ سندھ حکومت اور کراچی کے فارم47والے انکے خلاف ایکشن لینے کے بجائے بیانات سے عوام کو بہلانے کی کوشش کررہے ہے، جنہیں عوام اب بخوبی پہچان چکے ہیں،جبکہ فارم 47 کی بدولت اقتدار میں آنے والے قاتل ڈمپر مافیا کے سرغناکے ساتھ خوشگوار موڈ میں دعوتوں کے مزے لوٹ رہے ہیں۔شاہد فراز نے کہا کہ مئیرو گورنر جذباتی بیانات دیگر کر عوام گمراہ کرنے سے پہلے ڈمپر مافیا کو قانون کے دائرے میں لائے،تاکہ انسانی جانوں کو بچایا جاسکے،گورنر صاحب سحر و افطا ر پر کروڑوں روپے خرچ کرنے سے کہیں زیادہ ضروری حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امدا ر ضروری ہے جبکہ مئیر کراچی صاحب ایران حادثے کے متاثرین کی طرح کراچی میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کو بھی50.50لاکھ کی مالی امداد اور زخمیوں کیلئے 10.10لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کرنے سے کون سی طاقت آپ کو روکتی ہے، عوام کو اب زبانی بیانات سے بہلانا ممکن نہیں۔شاہد فراز نے کہا کہ طاقت کا سر چشمہ عوام ہوتے ہیں جو12اپریل کو اپنا فیصلہ سنائیں گے جبکہ اپیلوں اور درخواستوں کا وقت گزر گیا،اب عملی ا قدامات کا وقت ہے،12اپریل کو عوام گھروں سے نکل کر ثابت کریگی کہ یہ شہر زندہ لوگوں کا شہر ہے مردوں اور غلاموں کا نہیں۔

جاری کردہ : شعبہ نشرو اشاعت

مورخہ : 27/03/2025

جنرل سیکرٹری شاہد فراز مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)